وڈیروں، سرداروں اور نوابوں کو ووٹ نہیں دینا چاہیے، ام رباب چانڈیو

06 فروری ، 2024

میہڑ(نامہ نگار)8فروری عام انتخابات کے دن ووٹ کے صحیح استعمال کے سلسلے میں ام رباب چانڈیو نے بیان جاری کردیا ۔ ام رباب چانڈیو نے کہا کہ وڈیروں ،سرداروں اور نوابوں کو ووٹ نہیں دینا چاہیے۔ 15سال میں حکمران رہنے والوں نے سندھ کو تباہ کیا،آزمائے ہوئے کہ نا آزمائیں ،ووٹ کارکردگی پر دیں ۔ میں گذارش کرتی ہوں کہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ ووٹ اس کو دیں، جو آپ کی تکلیف، دکھ سکھ میں آپ کیساتھ کھڑا ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو میہڑ میں اپنی رہائش گاہ پر 8فروری کو عام انتخابات کےحوالے سے اپنےجاری کردہ بیان میں کیا۔ ام رباب چانڈیو نے کہاکہ آپ وہ وقت یاد کریں جب بارش کے پانی میں پورا سندھ ڈوب گیا تھا۔ آپ وہ وقت یاد کریں جب آپ فیملی کے ساتھ سڑک پر بیٹھے تھے، یہ وہ ہی لوگ ہیں جو 15سال سے حکمرانی کر رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے اور ہمارے ووٹ سے یہ ہم پر حکمرانی کر تے ہیں، ووٹ دیتے وقت یہ ضرور سوچیں کہ 5سال تک ہم کس کو ووٹ دیکر اپنے آپ پر حکمرانی کرنے کا حق دے رہے ہیں، پھر ہمیں شکایات کرنے کا حق نہیں بنتا، ہم ہی ووٹ دیکر انہیں کامیاب کراتے ہیں۔ جو 15سال میں انہوں نے ہمیں دیا ہے، وہ آپ کے اور ہمارے سامنے ہے۔ یہ بارش خدا کا پیغام لے کرآئی ہے کہ آزمائے ہوئے کو پھر سے ووٹ نا دیں۔ آزمائے ہوئے کہ نا آزمائیں، ووٹ کارکردگی پر دیں، سندھ میں جو ترقی ہوئی ہے ،وہ دیکھیں، بس اتنا ہی کہنا ہے۔ آپ کا اور ہمارا ووٹ ان ظالم وڈیروں سرداروں نوابوں کو طاقتور بناتا ہے، میرے ساتھیوإ، ماؤں اور بہنوں گذشتہ 15سال میں سندھ میں کون سی ترقی ہوئی ہے، یہ سوچ کر ووٹ دینا کیوں کہ ہمارے ووٹ میں ہی ہماری نسلوں کی بقا ہے۔