انٹر بورڈ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں نئے رکن کی شمولیت

07 فروری ، 2024

کراچی ( سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر ) نگراں وزیر اعلیٰ ملازمین سندھ کی جانب سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے گیارہویں جماعت امتحانات برائے سال 2023ء میں طلبہ کی اکثریت کو فیل کرنے کی شکایت پر بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس منگل کو سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں کمیٹی کے سربراہ و این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے کراچی ڈاکٹر ایس اکبر زیدی اور سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ معین الدین صدیقی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جامعہ این ای ڈی کے ناظم امتحانات صفی احمد زکئی کی بطور رکن کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کمیٹی نے طے کیا کہ انٹر سال اول کے طلبہ کی رجسٹریشن، امتحانی فارم، ممتحن، امتحانی مراکز کاپیوں کی تقسیم و جانچ اور امتحانات سے قبل کے امور ڈاکٹر اکبر زیدی دیکھیں گے، جب کہ بعد از امتحانات کے امور ، امتحانی کاپیوں کی ازسر نو جانچ، فیل، پاس اور گریڈنگ ڈاکٹر سروش لودھی اور صفی احمد زکئی دیکھیں گے جب کہ دستی ٹیبولیشن اور کمپیوٹر ڈیٹا سے متعلق تمام امور معین صدیقی دیکھیں گے اور آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ اتوار اور پیر کی تعطیلات کے باوجود بورڈ کا امتحانی ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا ہے اور شعبہ گیارہویں جماعت کے نتائج اور جوابی کاپیوں سمیت متعلقہ ریکارڈ کو سیل کر دیا گیا ہے جب کہ امتحانی کاپیوں کے اسسمنٹ کے طریقہ کار اور اسمنٹ کرنے والے تمام ہیڈ ایگزامینر ،ایگزامینرز اور ڈپٹی ایگزامینرز اور ان کے مضامین کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے قائم مقام سیکرٹری ہارون رشید ، قائم مقام ناظم امتحانات زاہد رشید ، ڈپٹی کنٹرولر زرینہ را شد سمیت شعبہ امتحانات سے متعلق 12 افسران کو بلایا تاہم گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے سال 2023 ء میں نتائج کی چھان امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ کی انچارج ڈپٹی کنٹرولر زرینہ راشد اتوار اور پیر دونوں دن بغیر کسی اطلاع کے غیر حاضر رہیں۔ جب ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کا فون بند تھا اور ان کے گھر پر تالا لگاہوا تھا۔