پاکستان کی صومالیہ کے فوجی بیس میں نماز پڑھتے اہلکاروں پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

12 فروری ، 2024

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان نے صومالیہ کے فوجی بیس میں نماز پڑھتے اہلکاروں پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متحدہ عرب امارات اور بحرین کی حکومت، عوام اور حملے کا نشانہ بننے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان موغادیشو میں متحدہ عرب امارات کے ملٹری ٹرینرز اور زیر تربیت صومالی سپاہیوں پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔خیال رہے کہ صومالیہ کے فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے تین کا تعلق متحدہ عرب امارات اور ایک کا بحرین سے تھا جبکہ چار فوجی زخمی بھی ہوئے ،عرب میڈیا کے مطابق صومالیہ میں گورڈون فوجی اڈے پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہاں اہلکار نماز پڑھ رہے تھے۔