نوازشریف سے جاتی امراء میں MQMوفدکی ملاقات‘ ملکر چلنے کا عزم

12 فروری ، 2024

لاہور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)وفاق میں حکومت سازی کیلئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ‘قائد ن لیگ نوازشریف سے جاتی امراء میں ایم کیوایم وفدکی ملاقات ‘ملکر چلنے کا عزم ‘بنیادی نکات طے پاگئے‘ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر بھی سیاسی سرگرمیاں شروع ہو گئیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی آج چوہدری شجاعت سے ملاقات کا امکان ہے جس میں رسمی بات چیت ہوگی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ق لیگ حکومتی عمل میں شامل ہونے کو تیار ہے‘ق لیگ وفاق اور پنجاب میں حکومت کا حصہ ہوگی۔حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امراء میں مرکزی قیادت کا 4گھنٹے طویل اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی پوزیشن ،حکومت سازی ، سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطوں سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی نامزدگی اور پارٹی فورمز کے اجلاس بلانے کااختیار پارٹی قائد نواز شریف کو سونپ دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے قائدین کی ملاقات ہوئی۔ن لیگ کی طرف سے نواز شریف اور ایم کیو ایم کی طرف سے خالد مقبول صدیقی نے وفد کی قیادت کی ۔مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف اور ایم کیو ایم قیادت کے درمیان مل کر چلنے پر اصولی اتفاق ہوا ہے‘اس حوالے سے ن لیگ اور ایم کیو ایم میں بنیادی نکات طے پاگئے ہیں۔مریم اورنگزیب کا مزید بتانا تھا کہ اس ملاقات میں صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور تجاویز کا تبادلہ ہوا، دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور اب تک رابطوں پر بھی ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا۔