ایم کیو ایم کا عہدہ لینے سے انکارآئینی ترامیم کو قانون بنانے پر زور

12 فروری ، 2024

کراچی(نمائندہ جنگ)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کی مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ملاقات میں ایم کیو ایم نے سندھ میں ہونے والی ناانصافی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی آئینی ترامیم کا آئین کا حصہ بنانے پر زور دیا اور کوئی عہدہ لینے سے انکار کردیا،ملاقات کے حوالے سے ایم کیو ایم کے ذرائع نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے بارے میں سندھ میں بنائے گئے قوانین کو تبدیل کیا جائے، ایم کیو ایم نے مسلم لیگ کے وفد کو کہا کہ ہم اقتدار، وزارت کے حصول کے لئے کسی بھی حکومت میں نہیں جائیں گے، جمہوری عمل اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے حکومت سازی میں تعاون کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے قائد او سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایم کیو ایم کے وفد کو یقین دلایا کہ سندھ اور کراچی کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات پر پی پی کی قیادت کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا، ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کو گورنر شپ کے علاوہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپکر کی بھی پیش کش کی گئی، تاہم ایم کیو ایم کی قیادت نے واضح موقف اختیار کیا کہ ہمارا اصل مسئلہ لاپتا کار کنوں کی بازیابی، عوامی مسائل کا حل ہے،دونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے بنیادی نکات طے کئےگئے اور ایک اور ملاقات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔