پنجاب کا وزیراعلیٰ کون ہو گا، فیصلہ نوازشریف کریں گے، اعظم تارڑ

12 فروری ، 2024

لاہور(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن سنگل لارجسٹ پارٹی ہے، اس وقت نمبر155 ہیں،پنجاب میں وزیراعلیٰ کون ہوگا ، فیصلہ نوازشریف کریں گے۔میڈیا سے گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ مفاہمتی سیاست سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، مخلوط حکومت بنانے سے وفاق مضبوط ہوتا ہے جوبھی اتحادی جماعتیں ہوں گی ان سےمشاورت کے بعد مرکز کا فیصلہ ہوگا۔پنجاب میں مسلم لیگ ن سنگل لارجسٹ پارٹی ہے، اس ن لیگ کے نمبر155 ہیں، خواتین اور اقلیتی نشستوں کے بعد ہمارا نمبر آگے جائے گا۔ایک جماعت کو انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں، انتخابی نتائج کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تحفظات ہمیں بھی ہیں لیکن جس کو جہاں سے مینڈیٹ ملا اس کا احترام کرتے ہیں۔چھ عناصر کی جانب سے انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ساری قوم نے دیکھا کہ آٹھ فروری کو کیسے انتخابات ہوئے،ایک جماعت کو نتائج پر اعتراضات ہیں،خیبر پختوانخوا میں آپ کامیاب ہوئے ہیں اور آپ وہاں ڈھول بجا رہے ہیں،تحفظات ہمیں بھی ہیں لیکن ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔انتخابات کا پراسس کیمرے کی آنکھ کے سامنے ہوا ،جو نتائج آئے ہیں جس کو مینڈیٹ ملا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں، ہماری سینئر قیادت میں پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ ،خواجہ سعد رفیق سینئر رکن ہیں وہ کامیاب نہیں ہو پائے اس کا یہ مطلب نہیں کہ بغیر سوچے سمجھے ہم پٹیشن فائل کرنے کا اعلان کردیں کہ ان کو ہدف کیا گیا ہے ،اس کے لئے پہلے ریکارڈ اکٹھے کرتے ہیں معاملات درست کرتے ہیں ۔ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اس پر بھی مشاورت ہوئی ہے اور لیگل ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جو انتخابی نتائج کے حوالے سے مخالفت میں دائر ہونے والی پٹیشنز کے دفاع اور جہاں ہم نے کوئی پٹیشن فائل کرنی ہے اس کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی کرے گی ،ہمیں یقین ہے کہ اس ملک میں عدالتی نظام موجود ہے ہمارا جو بھی مقدمہ معاملہ ہے ہم اس کو عدالت کے سامنے لے کر جائیں گی اور پورے ریکارڈ کے ساتھ اس کا دفاع کریں گے۔