انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کیا ہے،عظمیٰ بخاری

12 فروری ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،آزاد امیدوار پارٹی نہیں ہوتے، مسلم لیگ (ن) پارٹی ہے، آزاد امیدوار بڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں،انتخابات میں عوام نے ترقی کے ایجنڈے کو ووٹ دیا، مسلم لیگ (ن)اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، تحریک فساد کے خلاف ساڑھے 4 کروڑ ووٹ پڑا،ایک شخص اور ایک فتنے کے لیے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینا اور دوبارہ سے فتنہ فساد کی کوشش قبول نہیں کی جا ئیں گی۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی حدود میں کام کرے تو مسائل پیدا نہیں ہوتے، شکایت کنندہ امیدواروں کو الیکشن کمیشن میں جانا چاہیے ،الیکشن والے دن پورے ملک میں وائی فائی چل رہا تھا، جعلی فارم 47 سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں، 2018 میں الیکشن کے نتائج پانچ دن میں مرتب ہوئے تب کوئی مسئلہ نہیں تھا،ایک شخص پاکستان کے لئے زہر قاتل ہے اس کو خوش نہیں کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد پارٹی ہے جو حکومت بنا کر ملک کو آگے بڑھائے گی، پاکستان کے مسائل حل کرنا ایک پارٹی کے بس میں نہیں، ہمیں مل جل کر ان مسائل کو حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سو فیصد رزلٹ آئے ہیں تو انہوں نے دھاندلی کا شور مچا دیا، جہاں جہاں یہ ہارے وہاں نیا طریقہ کار شروع کیا گیا ہے، اس کی ابتدا ء سلمان اکرم راجہ نے شروع کی ۔الیکشن ٹربیونلز کے اندر ہر امیدوار کو ثبوت دینے ہوتے ہیں، جسے اعتراض ہے الیکشن ٹربیونل جا کر بات کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ذمہ دار سیاسی پارٹی ہے، ہم جھوٹ اور فساد پر یقین نہیں رکھتے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) واحد اکثریتی پارٹی ہے، مسلم لیگ (ن) بغیر سپورٹ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی مسلم لیگ (ن) اکثریتی پارٹی ہے، نواز شریف نے شہباز شریف کے ذمہ لگایا ہے وہ پارٹیز سے بات کر رہے ہیں۔