شیخوپورہ، لین دین تنازعہ فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 3 افراد قتل

12 فروری ، 2024

شیخوپورہ،فیروز والا،لاہور( نمائندہ جنگ،نامہ نگار،کر ائم رپو رٹرسے )لاہور روڈ کی آبادی خانپور سٹاپ پر لین دین کے تنازعہ پر دو متحارب گروپوں نوید عرف بگا گروپ اور شوکت گروپ کے مابین آزادانہ فائرنگ سے تین افرادقتل ،دو زخمی ہو گئے۔ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ خان پور میں لین دین کے تنازعہ پر مخالفین نےحاجی طارق محمود ڈوگر کے پراپرٹی کے دفتر میں گھس کر فائرنگ کر دی،پولیس ترجمان کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان رقم کے لین دین کا تنازعہ تھا جہاں حساب و کتاب کے درمیان تلخ کلامی کے بعد معاملہ فائرنگ کے تبادلہ تک پہنچ گیا ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک گروپ میں شامل دو سکے بھائی نوید ڈوگر اور فاروق شامل ہیں جبکہ دوسرے گروپ کا آصف ڈوگر ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی عبدالرشید اور سجاد زخمی ہوئے ۔ فیکٹری ایریا پولیس نے موقع پر پہنچ کرزخمی افراد کو ڈی ایچ کیو شیخوپورہ جبکہ مرنے والے تین افراد کی لاشیں قبضہ میں لے کر ضروری کاروائی شروع کر دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر ڈاکٹر عثمان انور نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔