پشاور ،چند کروڑ کے عوض افغانی کو MPA بنایا گیا، اے این پی کا دعویٰ

12 فروری ، 2024

پشاور( سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات میں ایک افغانی شہری سے چند کروڑ روپے لیکر اس کو پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب کروایا گیا ہے ، یہ دعویٰ اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ، ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کی جائے کہ پختونخوا میں آراوز کے ذریعے الیکشن کی رات کتنے ارب کمائے گئے؟ پی کے 82 پشاور سے پی ٹی آئی امیدوار کو ہروا کر مدمقابل کو کروڑوں روپے کے عوض 7ویں نمبر سے پہلے نمبر پر لایا گیا ،حیات آباد سے چند کروڑ روپوں کے عوض ایک افغان شہری کو ایم پی اے بنادیا گیا، انہوں نے کہا کہ اگر عمران کا ووٹ ہے تو چارسدہ سے پی ٹی آئی کے ایک امیدوار نے صرف 4 ہزار ووٹ لئے ، انکے مقابلے میں ایک آزاد امیدوار نے کروڑوں روپے کے عوض 39 ہزار ووٹ لئے ہیں، پشاور سے ایک سابق ایم این اے کے 38 ہزار ووٹوں کو فارم 47 میں ایک لگا کر ایک لاکھ 38 ہزار ووٹ بنائے گئے، ایمل ولی نے کہا کہ ہمارے اپنے امیدواران سے آر اوز کے ذریعے کروڑوں کا مطالبہ کیا گیا، ہمارے ساتھ ثبوت موجود ہیں۔