سب سے تگڑا اتحاد یہی ہوسکتا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو بنے، تجزیہ کار

12 فروری ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ سب سے تگڑا اتحاد یہی ہوسکتا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو بنے،عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ پیپلزپارٹی کے بغیر حکومت بناتی ہے تو بلیک میلنگ کا شکار ہوگی، پی پی کے قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت تو اتحادی بننی ہے کس کیساتھ اتحاد کرنا ہے اس کا فیصلہ پارٹی کے سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سہیل وڑائچ نے کہا پیپلز پارٹی کیلئے بہترین آپشن یہ ہے کہ وہ سندھ میں حکومت بنائے اور مرکز میں اپوزیشن میں بیٹھے تاکہ اپنی مستقبل کی سیاست بہتر بناسکے۔ مظہر عباس نے کہا کہ دو جماعتوں کو سیاسی طور پر اس الیکشن میں فائدہ ہوا، ایک تحریک انصاف کو فائدہ ہوا اس نے اتنی نشستیں حاصل کیں، دوسرا پیپلز پارٹی کو فائدہ ہوا سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں انہوں نے نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ نون کو سیاسی طور پر نقصان ہوا ہے کیا ان کی2021ء میں یہی پوزیشن تھی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے آپس میں مذاکرات ہونا چاہئیں ، ارشاد بھٹی نے کہا ایک دوسرے کے مینڈیٹ تسلیم کرنے کا وقت ہے، اس کے لئے جو مشکوک جیتے ہیں اور مشکوک ہارے ہیں ان کے فیصلے متعلقہ فورم پر جلد ہوں۔ لوٹا کریسی کی منڈی نہ لگے بھاؤ تاؤ نہ لگیں۔ عمر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کس طرح حکومت بنا ئے گی ان کے پاس مخصوص نشستیں بھی نہیں ہیں بظاہر نظر نہیں آرہا کہ پی ٹی آئی حکومت بنا سکتی ہے۔