کوئٹہ (این این آئی)نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ انتخابات کروا کر ملک دشمن طاقتوں کا پاکستان کو جمہوریت سے دور رکھنے کا ایجنڈا ناکام بنا دیا۔جان اچکزئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی کامیابی پر قوم، فوج، پولیس، پیرا ملٹری فورسز، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے کوشش کریں گے اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ہونے والے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتائج تسلیم کریں، کسی کو اعتراض ہیں تو متعلقہ فورمز سے رجوع کریں۔نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت انتشار اور بدامنی سے دوچار کرنا دشمن کا ایجنڈا ہے، امن و امان کو ہاتھ میں لینا سادگی اور نادانی میں دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے کے مترادف ہے۔اْنہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ بعض عناصر آگ بھڑکا کر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں اور یہ لوگ را کے ایجنٹ ہیں، کچھ سادہ لوح افراد بھی ان کے جھانسے میں آجائیں گے، اگر ان کے کسی فعل سے جمہوریت کو نقصان پہنچا تو وہ اس میں برابر کے ذمے دار ہوں گے۔جان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں جمہوریت، جمہوری اداروں اور ملک کی حفاظت کرنی ہے، ہمیں دشمن کے ارادے خاک میں ملانے ہیں۔