مقبول بٹ کے 40 ویں یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال،پاکستان، آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں تقریبات

12 فروری ، 2024

سرینگر،مظفر آباد( نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی اور ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ شہید کی 40ویں برسی کے موقع پر گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ آزاد کشمیر ، پاکستان ، برطانہ ، امریکہ ، بلجیم ، اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے کی تھی، ہڑتال اور مظاہرے روکنے بھارتی فورسز نے جگہ جگہ ناکہ بندیاں کررکھی تھیں مزار شہداء عیدگاہ سری نگر جہاں اشفاق مجید وانی اور عبدالحمید شیخ کے مزاروں کے ساتھ مقبول بٹ اور یاسین ملک کی قبریں مخصوص ہیں وہاں دعائیہ تقاریب روکنے کیلئے فوج نے نگرانی کر رکھی تھی ،تہاڑ جیل میں یاسین ملک اور بٹہ کراٹے کی سخت نگرانی کی گئی ، مقبول بٹ کے آبائی قصبے ترہگام کپواڑہ کو بھارتی فورسز نے محاصرے میں لئے رکھا، اس گاؤں میں مرکزی جلسہ ہونا تھا جو فوجی محاصرہ کی وجہ نہ ہوسکا مقبول بٹ کی 90سالہ ضیعف العمر والدہ شاہمالی بیگم نے دنیا بھر میں کشمیریوں سے 11فروری کو متفقہ ایک جھنڈے تلے ایک برسی منانےپر اظہار تشکر کیا ، جموں، راجوری، پونچھ کے اضلاع میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں نے بھی مقبول بٹ کی لا زوال قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا،دوسری جانب چکوٹھی ، راولاکوٹ کوٹلی میرپور، ڈڈیال، باغ، تراڑکھل سمیت آزادکشمیر بھر میں بھی مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، برطانیہ میں تمام قوم پرست جماعتوں نے مشترکہ ریلی اور جلسہ کرنے کے ساتھ بھارتی سفارت خانے میں یاداشت پیش کی۔مقبول بٹ شہید کی برسی پر مظفر ااباد میں جگہ جگہ ریلیاں ،جلسے ،جلوس مظاہرے کئے گئے۔ آزادی پسند جماعتوں کے زیر اہتمام اپر اڈاہ میں بڑا جلسہ منعقد کیا گیا جلسہ سے قبل مختلف علاقوں سے آزادی پسند تنظیموں نے ریلیاں نکالیں جو اپر اڈہ کے جلسہ عام میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔