غزہ میں اسرائیلی مظالم نہ رک سکے، بمباری سے مزید 117 فلسطینی شہید

12 فروری ، 2024

غزہ ، تل ابیب (آئی این پی ) غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم نہ رک سکے ،ایک دن میں مزید 117فلسطینی شہید کردیئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں گھروں پر بمباری کی جس سے مکین 25فلسطینی شہید کردیئے، اسرائیل کی طرف سے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 28ہزار 64فلسطینی شہید، 67ہزار 611 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ صیہونی فوج نے العمل ہسپتال میں بربریت جاری رکھتے ہوئے مریضوں اور عملے کو یرغمال بنالیا، جس پر عالمی ادارہ صحت نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب سفاک فوج نے محفوظ قرار دیے جانے والے سرحدی علاقے رفح پر زمینی حملہ کرنے کا منصوبہ بنالیا اور رفح سے لاکھوں شہریوں کو فوری انخلا کا حکم بھی دے دیا، رپورٹس کے مطابق 19 لاکھ بے گھر فلسطینی رفح میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین کے خارجہ پالیسی چیف جوزپ بوریل نے خبردار کیا کہ رفح میں اسرائیلی جارحیت ایک ناقابل بیان انسانی تباہی اور مصر کے ساتھ شدید کشیدگی کا باعث بنے گی۔ادھر لبنان کے وسطی علاقے "وادی الزینہ" پر اسرائیلی فضائی حملے میں 4 افراد شہید ہو گئے۔لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے ڈرون نے صیدا کے شمال میں جدرا قصبے میں ایک کار پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے نے شوف کے علاقے وادی الزینہ کے سرحد علاقے سے 60 کلومیٹر دورسے ایک کار کو نشانہ بنایا ۔ صیدا میں المیادین کے نامہ نگار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ایک گاڑی پر اسرئیلی طیاروں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔