لاڑکانہ، 2 گروپوںکے درمیان فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، 5 زخمی

12 فروری ، 2024

پشاور،لاڑکانہ، شیخوپورہ (این این آئی) پاکستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں نوڈیروبائی پاس کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔مقامی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچنے والی ماہوٹا پولیس پر بھی فائرنگ کر دی ۔جس کی زد میں ایس آئی سلطان شاہ شہید ہو گئے۔ ایس ایس پی عبدالرحیم شیرازی کے مطابق پولیس کی مزید نفری روانہ کردی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ ایک شدید زخمی کو فوری طور پر کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں ڈی ایس پی ماہوٹا بشیر احمد شر اور سپاہی صدام حسین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور بچے سمیت 5افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے کے بعد ایک فریق کے افراد دوسرے کے گھر شکایت لیکر پہنچے تو فائرنگ کی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر شیخوپورہ کے علاقے خان پور میں نامعلوم افراد پراپرٹی ڈیلر کے دفتر میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 بھائی نوید ڈوگر اور فاروق ڈوگر سمیت تین افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔واقعہ پر آئی جی پنجاب عثمان انور نے ریجنل پولیس افسر (آرپی او) شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔