انتخابات نے ایک چیلنجنگ صورتحال پیدا کردی ہے، خالد مقبول صدیقی

12 فروری ، 2024

کراچی(آئی این پی)ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں ہوئی، اگر سیاسی نقصان ہوتا ہے تو پھر ریاست اور جمہوریت کو بچانے کی ضرورت ہے۔اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے،ن لیگ سے حکومت سازی اور مطالبات سے متعلق خبر درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں ہوئی،انتخابات نے ایک چیلنجنگ صورتحال پیدا کردی ہے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اگر سیاسی نقصان ہوتا ہے تو پھر ریاست اور جمہوریت کو بچانے کی ضرورت ہے،ملاقات میں پاکستان سے سیاسی استحکام سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سازی سے پہلے ایسا لائحہ عمل تیار کیا جائے جو ملک بچانے کیلئے ہو۔