حکومت سازی ، پیپلزپارٹی نے سی ای سی کا اجلاس آج طلب کر لیا

12 فروری ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کیلئے پیپلزپارٹی نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس آج طلب کرلیا۔پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری مشترکہ طور پر کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، عام انتخابات کے نتائج سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئینگے، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہونے والی ابتدائی بات چیت پر بھی غور ہوگا۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد ارکان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سمیت دیگر امور پر بھی مشاورت ہوگی۔سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پی پی پی فریال تالپور، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، شیری رحمان ،مراد علی شاہ، ناصر شاہ، نثار کھوڑو، چودھری یاسین اور دیگر اجلاس میں شریک ہوں گے۔