تاریخ میں پہلی بار انتخابات میںبدترین دھاندلی ہوئی، شیرافضل مروت

12 فروری ، 2024

پشاور (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، ہم نے فارم 45 اکٹھے کئے ہیں، ہماری 182سیٹیں بنتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندیاں تھیں، مہم نہیں کرنے دی گئی، انتخابات والے دن کیمپ نہیں لگانے دیئے گئے۔ اْنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بینگن اور چمٹا جیسے انتخابی نشان دیئے، انتخابات میں عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم نے فارم 45 اکٹھے کئے ہیں، ہماری 182سیٹیں بنتی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک نشست بھی نہیں جیتی، ہماری جیتی ہوئی نشستیں ایم کیو ایم کو دی گئی ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے ہمیں اتحاد کی ضرورت نہیں۔