کیا اس طرح کے انتخابات سے آپ سیاسی استحکام لے آئیں گے، شعیب شاہین

12 فروری ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ کیا اس طرح کے انتخابات سے آپ سیاسی استحکام لے آئیں گے۔آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آر او آفس نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، انہوں نے انٹرنیٹ سروس بند کردی۔شعیب شاہین نے کہا کہ 53 ہزار کی لیڈ پر تھا، 12 بجے کے بعد رزلٹ تبدیل کردیا گیا، میرے مخالف کو جتوا دیا، نہ فارم47 کی کاپی ملی نہ اندر جانے دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ لوگ اس ملک کے ساتھ مخلص ہیں؟ ہمارے نمائندوں پر ہاتھ اٹھائے گئے، ہم ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، ہم نے ڈی سی کو کہا ہے ایسے پولیس والوں کے خلاف ایکشن لیں۔شعیب شاہین نے کہا کہ اپنے حقوق لینے تک یہاں آتے رہیں گے، ہم اسمبلی میں جائیں گے اور ان کو ایکسپوز ضرور کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ یہ لندن پلان کا حصہ ہے، مجھے نااہل کرنا اور پارٹی کو ختم کرنا بھی پلان میں شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ ن لیگ کے تمام مقدمات ختم کریں گے اور ابھی یہی ہورہا ہے، کاغذات نامزدگی بھی چھین لیے اور ہمارے لوگ اٹھانا شروع کردیئے۔