انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اعظم تارڑ

12 فروری ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے ایک جماعت کو زیادہ تحفظات ہیں مگر کے پی میں ڈھول بجا رہی ہے، اس جماعت کا شیوہ ہے جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے۔ لاہور میں ن لیگی قیادت کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں اکثریتی لیڈر شپ موجود تھی، نوازشریف مشاورت کے قائل ہیں، آج بھی مشاورت کا طویل سیشن ہوا ہے، ایم کیوایم کا خیرسگالی کا دورہ اور ملاقات تھی، پنجاب میں اس وقت سادہ اکثریت کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ساری قوم نے دیکھا 8 فروری کو الیکشن کیسے ہوئے، شور مچایا جارہا ہے، عدالتوں میں جانے کا کہا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحفظات تو ہمیں بھی ہیں لیکن ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے، جس کو جہاں سے مینڈیٹ ملا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں، شور مچانے والے کے پی کے نتائج پر تو خاموش ہیں۔ لیگی رہنماء نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ واحد اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، ہم نے 6 سے 7 حلقے اپنے اتحادیوں کیلئے چھوڑے تھے، قومی اسمبلی میں اس وقت کے نتائج قوم کے سامنے ہیں۔ نتائج کے حوالے سے ایک جماعت کو زیادہ تحفظات ہیں مگر کے پی میں ڈھول بجا رہی ہے، اس جماعت کا شیوہ ہے جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے۔