2024 میں نجی فرموں میں تنخواہوں میں 4 فیصد اضافہ کا امکان ہے، سی آئی پی ڈی

12 فروری ، 2024

لندن (پی اے) آجروں کو توقع ہے کہ 2024 میں نجی شعبے کی تنخواہ میں 4فیصد اضافہ کرنا ہوگا۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ آجروں کا خیال ہے کہ 2024 میں نجی فرموں میں تنخواہوں میں 4فیصد اضافہ ہوگا، جو پچھلے برسوں کے مقابلے میں 1فیصدکم ہے۔ چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پرسنل اینڈ ڈویلپمنٹ (سی آئی پی ڈی) نے کہا کہ موسم بہار 2020کے بعد یہ تنخواہ میں کمی کی پہلی پیش گوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پبلک سیکٹر میں تنخواہ کی توقعات 5فیصدسے کم ہو کر 3فیصد ہو گئی ہیں۔ سی آئی پی ڈی نے کہا کہ 2000آجروں کے درمیان اس کی تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گزشتہ سہ ماہیوں کے مقابلے ان کی افرادی قوت میں اضافے کی توقع کم ہے۔ جواب دہندگان میں سے ایک تہائی نے کہا کہ وہ اگلے تین مہینوں میں اپنے عملے کی مجموعی سطح کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ 10میں سے ایک نے عملے کی سطح کو کم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ میں سے تین آجروں کا کہنا ہے کہ وہ مشکل سے بھر نے والی اسامیوں کی اطلاع دیتے رہتے ہیں اور پانچ میں سے ایک کو اگلے چھ ماہ میں اسامیوں کو پر کرنے میں اہم مسائل کی توقع ہے۔ سی آئی پی ڈی کے لیبر مارکیٹ کے سینئر ماہر معاشیات جون بوائز نے کہا کہ ہم نے سخت لیبر مارکیٹ کے جواب میں اعلیٰ اجرت میں اضافے کا ایک مستقل دور دیکھا ہے اور بھاری افراط زر نے ضروریات زندگی کے اخراجات کو بڑھا دیا ہے۔ تنخواہ میں اضافے سے افراد کی مدد ہوئی ہے لیکن اس سے آجروں کو زیادہ اجرت کا بل مل جاتا ہے۔ ترقی کی طرف مستقل واپسی دیکھنے کے لئے کام کی جگہ کی مہارتوں اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر کے پیداواری صلاحیت کو بڑھانے پر حقیقی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ آجروں کے مفاد میں بھی ہے کہ وہ ملازمین کے ساتھ ان کے وسیع تر فوائد کے پیکیج پر بات چیت کریں اور اگر وہ بنیادی تنخواہ میں اضافے کو کم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو معاوضہ کے لئے ملازمت کے معیار کو بہتر بنائیں۔ بہت سے کارکنوں کیلئے ضروریات زندگی کے اخراجات کا بحران ختم نہیں ہوا ہے، اس لئے تنخواہ کے علاوہ ان کی مدد کے لئے دوسرے طریقے تلاش کئے جائیں، جہاں ممکن ہو لچکدار کام فراہم کیا جائے تاکہ سفر یا بچوں کی دیکھ بھال کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔