غباروں سے دنیا کا سب سے بڑا ’’ڈریگن‘‘ تیار

12 فروری ، 2024

بیجنگ ( نیوز ڈیسک)ہانگ کانگ میں غباروں سے تیار کیے گئے ڈریگن کے مجسمے نے عالمی ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانگ کانگ کے شاپنگ مال میں لگ بھگ 38000 غباروں سے تیار کردہ ڈریگن کے مجسمے نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کیا ہےغباروں سے آرٹ بنانے میں ماہر زی ٹائی ولسن پینگ اور کن لنگ ہو نے 60 سے زیادہ رضاکاروں کے ساتھ مل کر یہ حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا ہے۔تکمیل کے بعد غباروں سے بنائے گئے ڈریگن کی پیمائش کی گئی تو اس کی لمبائی 137.04 فٹ تھی جس کے بعد اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے غباروں سے بنائے گئے دنیا کے سب سے بڑے ڈریگن کے اعزاز سے نوازا گیا۔یہ مجسمہ چائنیز نیو ایئر کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر بنایا گیا ہے اور فروری کے آخر تک اپنی جگہ پر موجود رہے گا۔ دونوں آرٹسٹس کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا چیلنج اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ڈریگن غباروں کے علاوہ کسی دوسری اشیا کے شہارے کے بغیر اپنی جگہ قائم رہے۔