پاکستان عالمی منڈی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے، افتخار علی ملک

12 فروری ، 2024

لاہور (اے پی پی) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان وسائل ومہارتوں سے مالا مال اور صنعتوں سے لیس ہے ،ان سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے تو یہ عالمی منڈی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔اتوار کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دے کر ہم نہ صرف اضافی ریونیو حاصل بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا اور بین الاقوامی سطح پر اپنے وقار و ساکھ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔انہوں نے ایسی جامع معاشی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا جو سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے مختلف شعبوں کی بحالی اور ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔