تین روزہ ایکسپو ‘پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد شرکت کیلئے امریکا روانہ

12 فروری ، 2024

لاہور (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد 13فروری سے امریکا کے شہر لاس ویگاس شروع ہونے والی تین روزہ ایکسپو میں شرکت کے لیے روانہ ہو گیا۔ ایکسپو میں شرکت کا مقصد پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی متنوع رینج کی عالمی مارکیٹ میں نمائش اور نئے کاروباری مواقع کی تلاش ہے۔ وفد کی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وفد پاکستانی فرنیچر کی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے اور جدت و معیار کے مطابق پاکستانی فرنیچر اور دستکاری کی نمائش کے لیے پر عزم ہے۔ وفد میں مینوفیکچررز، ڈیزائنرز اور برآمد کنندگان سمیت فرنیچر سیکٹر کے مختلف شعبوں کے نمائندے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والی ایکسپو میں پی ایف سی کو ممکنہ خریداروں، تقسیم کاروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا موقع ملے گا جس سے شراکت داری اور اشتراک کو فروغ دینے اور اس صنعت کو مزید ترقی وفروغ دینے میں مدد ملے گی۔