آئندہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر یگی، عثمان اشرف

12 فروری ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری خصوصاً برآمدات کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرپرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان سمیت دیگربھی موجود تھے۔ عثما ن اشرف نے کہا کہ انتخابات ہو چکے ہیں اس لئے اب سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے وسیع تر مفادمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے کم از کم دس سالہ پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اس کے بغیر برآمدات میں متوقع اضافہ مشکل ہے ،امید ہے کہ وفاقی حکومت میں وزارتوں کی ذمہ داریاں متعلقہ شعبوں پردسترس رکھنے والے ماہرین کوسونپی جائیں گی جو شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کریں گے۔