پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایم این اے وسیم قادر سمیت 4ارکان ن لیگ میں شامل

12 فروری ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ) آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی جانب سے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سے قومی اسمبلی کیلئے آزاد نومنتخب وسیم قادر اور پنجاب اسمبلی کے تین نومنتخب ارکان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔ وسیم قادر نے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے ملاقات کی اورمسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وسیم قادر اس قبل بھی ن لیگ میں تھے الیکشن میں ان کی حمایت پی ٹی آئی نے کی تھی اور انہوں نے روحیل اصغر کیخلاف آذاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا تھا، وسیم قادرکا اس موقع پر کہنا تھا کہ حلقہ کے عوام اور دوستوں کی مشاورت سے ن لیگ میں شامل ہو رہا ہوں،سیم قادر کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارمریم نواز شریف کا وسیم قادر کے فیصلے کا خیر مقدم اور مبارک باد بھی دی،وسیم قادرنے کہا کہ مہنگائی اور دوسرے چیلنجز میری نظروں میں ہیں جنہیں دیکھتے ہوئے میں ن لیگ میں شامل ہوا ہوں،۔یاد رہے وسیم قادر نے این اے121سے مسلم لیگ ن کے روحیل اصغر کو شکست دی تھی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 240سے کامیاب آزاد امیدوار محمد سہیل ،پی پی 49سے منتخب رانا فیاض اور پی پی 94سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے تیمور لالی نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔تیمور لالی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ 2018میں بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا ، میں نے حلقے کے دوستوں اور اپنی فیملی سے مشاورت کرتے ہوئے یہی فیصلہ کیا ہے حلقے کی ترقی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا اس کے لئے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کروں گا ۔