کمزور اتحادی سے زیادہ بہتر طاقتور اپوزیشن بلاول کو اپوزیشن لیڈر بننے کا مشورہ

12 فروری ، 2024

اسلام آباد(فاروق اقدس)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو ان کے مشیروں کی حیثیت رکھنے والے پارٹی کے ایک سے زیادہ رفقا نے یہ تجویز کیا ہے کہ ایک ’’کمزور اتحادی‘‘سے زیادہ بہتر ’’طاقتور اپوزیشن‘‘کی ہے۔اس لئے خدشات اور تحفظات کے ساتھ حکومت کا حصہ بننے کے بجائے ہمارا اپوزیشن میں بیٹھنا بہتر ہوگا، پیپلزپارٹی کی ’’سی ای سی‘‘ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا، زرداری اور بلاول مشترکہ صدارت کرینگے ، اس تجویز کے بڑے حامی قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی جبکہ اس تجویز کی حمایت میں پارٹی کے بعض ارکان نے ’’ایکس‘‘پر پوسٹیں بھی کی ہیں، امکانی طور پر پارٹی کے سینئر رہنمائوں کی یہ تجویز آج ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بھی موضوع بحث بن سکتی ہے، ادھر پارٹی رہنمائوں سے مشاورت اور اہم فیصلوں پر انہیں اعتماد میں لینے کیلئے پیپلزپارٹی مرکزی عاملہ کا اجلاس آج (پیر)اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔زرداری ہائوس میں ہونے والے اس اجلاس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری مشترکہ طور پر کریں گے ۔