جعلی ووٹ برآمد ہونے پر پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر گرفتار

12 فروری ، 2024

کوئٹہ(نمائندہ جنگ) پشتون آباد پولیس نے پی بی41آزاد امیدوار کے بوگس ووٹ برآمد ہونے پر پریزائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق پشتونخوا میپ کے کارکن ظاہر شاہ اور حاجی جمال الدین نے تھانہ پشتون آباد میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ پی بی41 کے پولنگ سینٹر گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول خوشحال روڈ گلی نمبر چار کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ پولنگ اسٹیشن کے پورشن نمبر 2کے پریزائیڈنگ آفیسر عزیز اللہ اور اسسٹنٹ پریزا ئیڈ نگ آفیسر امین اللہ بوگس ووٹ کاسٹ کررہے ہیں جس پر پولنگ اسٹیشن کے باہر پارٹی ذمہ داروں کو آگاہ کیا اور ان کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن میں چیکنگ کی تو امین اللہ کی جیب سےایک آزاد امیدوار کے نام سے تصدیق شدہ ووٹ برآمد ہوئے ، امین اللہ نے پریز ا ئیڈنگ آفیسر عزیز اللہ کے ساتھ مل کر آزاد امیدوار کی ایما پر بوگس ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا۔