انٹر بورڈ امتحان،طلباء کو 15فیصد اضافی نمبرزدینے کی ہدایت

17 فروری ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ جسٹس باقر کا اعلیٰ ثانوی بورڈ کے طلباء کو 15فیصد اضافی نمبرزدینے کی ہدایت،وزیراعلیٰ نے آئی ٹی کے سربراہ محمد شہیر وقار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم بھی دے دیا ،تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی کی سفارشات پرپری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس فیکلٹیز کے اعلیٰ ثانوی بورڈ۔اول کے طلباء کو 15 فیصد اضافی نمبر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش لودھی (کنوینر)، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے کراچی ڈاکٹر اکبر زیدی اور سیکریٹری سندھ ایچ ای سی معین الدین صدیقی (ممبران) پر مشتمل تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے گیارویں جماعت کے نتائج 2023 کے طلباء کے پاس ہونے کے پاسنگ پرسنٹیچ میں اچانک کمی سے متعلق انکوائری کی جاسکے۔ کمیٹی نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ کو اپنی سفارشات پیش کیں۔