بعض ٹوبیکو کمپنیاں ایکسائز ایکٹ کی خلاف ورزی کر رہی ہیں ، تھنک ٹینک

18 فروری ، 2024

اسلام آباد ( جنگ نیوز) تھنک ٹینک کیپٹل کالنگ نے خبردار کیا ہے کہ بعض ٹوبیکو کمپنیوں نے فیڈرل ایکسائز ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے کم قیمت سگریٹ پروڈکٹ متعارف کرائی ہیں جس کا مقصد اس کی فروخت میں اضافہ کرنا ہے۔ ٹوبیکو فری کڈز سے تعلق رکھنے والے ملک عمران نے کہا کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 ء میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ کا کوئی بھی مینوفیکچرر یا درآمد کنندہ ایک ہی برانڈ فیملی میں سگریٹ کا نیا برانڈ ورژن ایک ہی برانڈ فیملی کے موجودہ ورژن کی کم ترین اصل قیمت سے کم قیمت پر متعارف یا فروخت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کو فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے کم قیمت پر کوئی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔آئی آئی یو آئی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حسن شہزاد نے کہا کہ بظاہر یہ اقدامات تمباکو کنٹرول سے متعلق ڈبلیو ایچ او کے فریم ورک کنونشن کے منافی ہیں۔