IMF امداد رُکوانے کیلئے PTI کا بیان ملک دشمنی ‘ تاجر برادری

23 فروری ، 2024

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) ملک کے بڑے صنعتکاروں اور تاجر برادری نے پاکستان کو امداد کی فراہمی رکوانے کیلئے پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہے اور اس مرحلے پر ایسا کوئی اقدام ملک کو مزید بحران سے دوچار کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت معاشی اصلاحات‘ ٹیکسٹائل‘ آئی ٹی اور زرعی شعبے پر توجہ سے صورتحال بہتر بناسکتی ہے سابق وزیر مملکت اشفاق تولہ کے معاشی اصلاحات روڈ میپ پر عمل کرتے ہوئے کھلی درآمدات کی پالیسی اپنانے کی بجائے برآمدات کو بڑھانے کی کوششوں کو ترجیح دیتے ہوئے درآمدات کو معقول بنانے کی ضرورت ہے۔ ایوان ہائے تجارت و صنعت کے کل پاکستان وفاق (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عا طف اکرام شیخ‘ پاکستان وناسپتی گھی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عبدالرزاق‘ پاکستان بیت المال کے سابق چیئرمین بیرسٹر عابد وحید‘ انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے سربراہ میاں اکرم فرید‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل شیخ طارق صادق‘ پاکستان سٹیل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما خالد جاوید‘ ایوان تجارت و صنعت اسلام آباد کے صدر احسن بختاوری‘ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین زاہد بختاوری‘ شعبہ تعلیم کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر ابرار‘ ایک تعلیمی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین راحت قدوسی‘ سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم احمد خان‘ ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ‘ مسلم لیگی رہنما شیخ عامر وحید‘ فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پولیس اینڈ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے چیئرمین یحییٰ طارق شیخ نے کہا کہ سابق وزیر مملکت کے معاشی بحالی روڈ میپ کے مطابق درآمدی متبادل خاص طور پر زراعت کے شعبے میں، گندم اور کپاس جیسی فصلوں پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے اسٹرٹیجک پالیسیوں کی ضرورت ہے۔