عوام کی منتخب کردہ حکومت ہی IMFسے صحیح معاہدہ کریگی،سلمان اکرم

23 فروری ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ نہیں کہاکہ آئی ایم ایف پاکستان کو قرض نہ دے،آئی ایم ایف سے صحیح معاہدہ وہی حکومت کرے گی جو عوام کی منتخب کردہ ہو،میزبان شاہ زیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر آئی ایم ایف پروگرام کو خطرے میں ڈال رہی ہے ، تحریک انصاف نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دباؤ بڑھاتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کو خطرے میں ڈالنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ تحریک انصاف کی اس نئی حکمت عملی کے مطابق عمران خان الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے آئی ایم ایف کوایک خط جاری کرنے جارے ہیں۔جس میں قرض پروگرام کوانتخابات کے آڈٹ سے مشروط کرنے کی بات کریں گے۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ فیصلے کو پڑھے بغیر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مذہب کا استعمال کرکے ایک نفرت انگیزی کی مہم شروع کی گئی ہے۔ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں اور اپنے اپنے مفادات کے لئے پروپیگنڈہ کیا گیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت ہمیں ملک میں انصاف کا کوئی دریچہ نظر نہیں آرہا۔ہمیں یہ لگتا ہے کہ ہم کہیں بھی چلے جائیں چاہے وہ تعطل کی وجہ سے ہو۔مقرر کردہ دو جج صاحبان دس سال بھی انتخابی مقدمے سنیں تو فیصلہ نہیں ہوگا۔اس وقت نظر یہ آرہا ہے کہ سسٹم کے اندر رہ کر کوئی انصاف کی توقع نہیں کی جاسکتی۔بہت ہی مایوسی کا عالم ہے ہماری آنکھوں کے سامنے الیکشن چرایا گیا ہے۔میں خود چشم دید گواہ ہوں مظلوم ہوں۔جس طرح ہمارے ٹریبونل کام کرتے ہیں ابھی تک 2013ء کے مقدمات کے فیصلے نہیں ہوئے ہیں۔اسمبلی کی مدت ختم ہوجاتی ہے مگر مقدمات کے فیصلے نہیں ہوتے۔ہمارے سامنے آگے کا قانونی راستہ انتہائی مخدوش ہے۔ایسے میں دنیا کو یہ بتانا کہ پاکستانی عوام کی رائے کیا ہے اور اس رائے کے مطابق ملک کو نہیں چلنے دیا جارہا یہ فطری بات ہے۔اگر غیر فطری نظام چلے گا تو کہیں نہ کہیں سے آواز ضرور اٹھے گی۔ہوسکتا ہے وہ آواز ہمیں پسند نہ آئے وہ ایسی آواز ہو جو عام حالات میں نہیں اٹھنی چاہئے۔جو ملک کے لئے بہتر ہے چاہے وہ آئی ایم ایف پروگرام ہو وہ ہونا چاہئے۔مطالبہ صرف یہ ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ شفافیت کا بھی انتظام کیا جائے۔