بلوچستان میں حقیقی نمائندوں کو دھاندلی سے ہرایا گیا، سینٹر طاہر بزنجو

24 فروری ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) سنیٹر طاہر بزنجو نے کہاہے کہ بلوچستان میں حقیقی امیدواروں اور نمائندوں کو شرمناک دھاندلی سے ہرایا گیا ، ہم مبینہ دھاندلی زدہ انتخابات کو مکمل طور مسترد کرتے ہیں ، شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی اس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہوئے ، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف آئین شکنی کا مقدمہ قائم کیا جائے ،جمعہ کو ایوان بالا میں عوامی اہمیت کے حامل معاملہ پر بات کرتے ہوئے سنیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ہماری جماعت کے امیدواروں کو چن چن کر ہروایا گیا، ہماری پارٹی کے سربراہ سمیت دیگر ہمارے سیاسی رہنمائوں کو بھی دھاندلی سے ہرایا گیا ، بلوچستان میں پہلے ہی امن و امان کی صورتحال خراب ہے، منشیات فروشوں وغیرہ کو دھاندلی سے جتوایا گیا ،8 فروری سے تاحال تمام جماعتیں دھرنے پر بیٹھی ہیں اور احتجاج کر رہی ہیں ، ہم دھاندلی زدہ انتخابات کو مکمل طور مسترد کرتے ہیں ، شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی اس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہوئے ، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف آئین شکنی کا مقدمہ قائم کیا جائے ۔