کینیڈا :پاکستان نژاد خاندان کے چار افراد کو گاڑی سے کچلنے والا دہشتگرد قرار

24 فروری ، 2024

ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں پاکستان نژاد خاندان کے چار افراد کو جان بوجھ کر اپنی گاڑی کے نیچے کچلنے والے نیتھینیل ویلٹمن کو دہشتگردی کا مجرم بھی قرار دیدیا گیا ہے۔23سالہ سفید فام انتہا پسند نیتھینیل ویلٹمن نے جون 2021میں سلمان افضال اور ان کے اہل خانہ پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ویلٹمن کو نومبر2023میں پہلے ہی سلمان افضال، ان کی اہلیہ مدیحہ افضال، بیٹی یمنی افضال اور والدہ طلعت افضال کے قتل اور ایک کم سن بیٹے کے اقدامِ قتل کا مجرم قرار دیا جا چکا ہے، جس کے تحت اسے پیرول کے بغیر 25 سال عمر قید کی سزا کاٹنا پڑے گی۔جاں بحق ہونے والے46 سال کے سلمان فزیوتھراپسٹ تھے جبکہ ان کی 44 سالہ بیوی ویسٹرن یونیورسٹی لندن میں پی ایچ ڈی اسکالر تھیں اور سلمان کی 74 سال کی والدہ پاکستان سے وزٹ ویزے پرکینیڈا آئی تھیں، واقعے میں سلمان کی 15 سال کی بیٹی بھی جاں بحق ہوئی جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار کسی مقدمے میں دہشتگردی کے قانون کا اطلاق کیا گیا ہے۔