بھارت، مودی حکومت کیخلاف احتجاجی کسانوں کا یوم سیاہ، حکمرانوں کے پتلے نذر آتش

24 فروری ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) بھارت میں مودی حکومت کی پالیسوں کیخلاف کسانوں کا احتجاج جاری ہے، احتجاجی کسانوں نے حکومتی پالیسویں کے خلاف یوم سیاہ منا یا اور حکمرانوں کے پتلے جلا ئے جبکہ ہریانہ حکومت نے متعدد اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی ۔ رپورٹ کے مطابق، احتجاجی کسانوں نے حکومتی پالیسویں کے خلاف یوم سیاہ منا یا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور ہریانہ کے وزیر داخلہ انل وج کے پتلے جلا ئے،انہوں نے 26 فروری کو شاہراہوں پر ٹریکٹر مارچ نکالنے اور 14 مارچ کو دہلی میں مہاپنچایت منعقد کر نے کا اعلان بھی کیا۔ ادھرہریانہ حکومت نے 7 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ، ایس ایم ایس سروس پر پابندی عائد کر د ی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہریانہ نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال بہت نازک اور کشیدہ ہے۔دوسری جانب کسان رہنماؤں نے کہا ہے کہ اشتعال انگیز مواد پھیلانے کا جھوٹا الزام لگا کر ہماری آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مودی سرکار نے کسان مظاہرین کے خوف سے یہ قدم اٹھایا ہے۔