میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی کا خط معاملات متاثر کریگا، مفتاح اسماعیل

24 فروری ، 2024

کراچی(این این آئی)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی کاخط آئی ایم ایف سے معاملات کومتاثر کرے گا، کیونکہ آئی ایم ایف حکومت سے بات کرتا ہے انہیں الیکشن سے سروکار نہیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے حوالے سے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی کاخط آئی ایم ایف سے معاملات کومتاثر کرے گا، بانی پی ٹی آئی اس قسم کی باتیں پہلے بھی کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شوکت ترین اورتیمورجھگڑانے بھی آئی ایم ایف کوخطوط لکھے تھے لیکن ان کے خطوط پرآئی ایم ایف سے ڈیل کرلیا تھا۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری اندرونی جوبھی لڑائی ہے اس پربیرون ملک بات نہیں کرنی چاہیے، اندرونی معاملات کواندرونی سطح پرہی حل کرنا چاہیے، آئی ایم ایف بنگلہ دیش سے بھی ڈیل کررہاہے وہاں متنازع الیکشن ہوئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ 2018کے متنازع الیکشن کے بعد بھی آئی ایم ایف نے ڈیل کی تھی۔