بھارت،گجرات حکومت کا 108 مزاروں کو منہدم کرنے کا اعتراف

24 فروری ، 2024

نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے اعتراف کیاہے کہ بھوپیندر پٹیل کی قیادت والی گجرات حکومت نے ریاست میں 108مزاروں کو منہدم کر دیا ،سومناتھ کے ارد گرد تجاوزات کوبھی ہٹا دیا گیا ہے۔سنگھوی نے کہا کہ بلڈوزر ایسے کسی بھی تجاوزات کو گرانے کے لیے تیار ہیں جو ایک سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوارکا سے شروع کی گئی انسداد تجاوزات مہم پوربندر، احمد آباد، سورت، پاوا گڑھ، گر سومناتھ اور جام نگر تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب بھارتی ریاست آسام میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک 26 سالہ مسلم نوجوان کوقتل کردیا ہے۔ شاہین الاسلام بی ایس ایف کی 45ویں بٹالین کے اہلکاروں نے ریاست کے جنوبی ضلع سلمارہ منکاچھر میں گولی مار کر قتل کیا۔ریاست کیرالہ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامارکسسٹ (سی پی آئی ایم) کے ایک رہنما کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا66سالہ پی وی ستیہ ناتھن کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ایک مندر کے میلے میں میوزک کنسرٹ دیکھ رہا تھا۔حملہ آور کی شناخت 33سالہ ابھیلاش کے طور پر ہوئی ہے۔سی پی آئی ایم نے اپنے رہنما کے قتل کے خلاف علاقے میں ہڑتال کی کال دی ہے۔