دوبارہ صدر بنا تو شہزادہ ہیری کی مدد نہیں کرونگا، ملکہ کو دھوکا دیا، ٹرمپ

26 فروری ، 2024

کراچی (رفیق مانگٹ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دوبارہ صدر بنا تو شہزادہ ہیری کی مدد نہیں کروں گا،اس نے ملکہ کو دھوکہ دیا،شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل 2020ء میں کیلیفورنیا منتقل ہو گئے تھے، ہیری کی امریکا میں امیگریشن حوالے سے نیا تنازع کھڑا ہو چکا، شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں کوکین، چرس اور سائیکی ڈیلک مشروم کا نشہ کرنے کا اعتراف کیا، امریکی تھنک ٹینک کے مطابق شہزادہ ہیری امریکا میں داخل نہیں ہو سکتے تھے ،وہ منشیات کے استعمال کا اعتراف کر چکے، ہیری نےبیٹی کا نام ملکہ کے نام پر رکھا جن کی خاندانی عرفیت لیلی بٹ ہے، ملکہ اس پر ناراض تھی۔ برطانوی اخبار’انڈی پینڈینٹ اور امریکی اخبار نیویارک پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب ہو گئے تو وہ برطانوی شہزادہ ہیری کی کوئی مدد نہیں کریں گے، ہیری نے ملکہ کو دھوکہ دیا۔ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل 2020میں کیلیفورنیا منتقل ہو گئے تھے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے برطانوی جوڑے پر بہت زیادہ مہربانی کی۔واشنگٹن ڈی سی کے قریب کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اخبار دی ایکسپریس کو بتایا کہ میں شہزادہ ہیری کی حفاظت نہیں کروں گا۔ انہوں نے ملکہ کو دھوکہ دیا۔ اس بات کی معافی نہیں مل سکتی۔ یہ ناقابل معافی ہے۔ فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوا تو وہ اپنے ذمہ دار خود ہوں گے۔ صدر جو بائیڈن کی طرف سے تارکین وطن کو خصوصی مراعات د ینے کا دعویٰ کرتے ٹرمپ نے کہامجھے لگتا ہے کہ وہ اپنے کاموں کے بعد ان کے ساتھ بہت احسان مند رہے ہیں۔کچھ دن پہلےہیری نے کہا کہ اس نے امریکی شہری بننے پر غور کیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کوئی اندازہ نہیں تھا کہ اسے کیا روک رہا ہے۔صدر ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت میں سامنے آیا ہے جب ہیری کی امریکہ میں امیگریشن حوالے سے نیا تنازع کھڑا ہو چکا ہے۔ امریکی قدامت پسند تھنک ٹینک کا دعویٰ ہے کہ شہزادہ ہیری قانونی طور پر امریکہ میں داخل نہیں ہو سکتے تھے کیوں کہ وہ اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں غیر قانونی منشیات کے استعمال کا اعتراف کر چکے ہیں۔شہزادہ ہیری ’اسپیئر‘ کے نام سے اپنی کتاب میں جوانی میں کوکین، چرس اور سائیکی ڈیلک مشروم کا نشہ کرنے کا اعتراف کیا۔ڈیوک نے کہا کہ کوکین سے ’مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔‘انہوں مزید کہا کہ ’چرس کا معاملہ مختلف ہے اس نے واقعی میری مدد کی۔‘تھنک ٹینک ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی قانون ’عام طور پر ایسے شخص کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا۔ کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ ہیری اور میگن مارگل کے اس دعوے سے ناراض تھیں کہ ملکہ نے جوڑے کو بیٹی کا نام لیلی بِٹ رکھنے کی اجازت دی۔ ہیری اور میگن نے 2021میں اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا اور ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے بیٹی کا نام ملکہ کے نام پر رکھا ہے جن کی خاندانی عرفیت لیلی بٹ ہے۔ تاہم شاہی خاندان کے حوالے خبریں دینے والے صحافی رابرٹ ہارڈ مین نے اپنی خود نوشت میں لکھا ہے کہ میں نے ملکہ کو اتنے غصے میں کبھی نہیں دیکھا۔