مخصوص نشستوں کے فیصلے کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج

26 فروری ، 2024

اسلام آباد (صالح ظافر) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی چھوڑی ہوئی مخصوص نشستوں کا فیصلہ آج (بروز پیر) کو کرے گا۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کے چیئرمین سلطان سکندر راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوگاتوقع ہے کہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں کمیشن منگل کو ریزرو ارکان کو مطلع کر دے گا اور اس سے ایوان کی باقی رکنیت کا تنازع ختم ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیے جانے اور پارٹی کی درخواست مسترد کیے جانے کی صورت میں ایس آئی سی مخصوص نشستوں پر اپنے دعوے کو ثابت کرنے کیلئے اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان مخصوص نشستیں حاصل نہیں کر پائے کیونکہ آئین مختلف ایوانوں میں موجود پارلیمانی جماعتوں کو اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کا حق دیتا ہے۔ جن آزاد ارکان کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی، گزشتہ ہفتے اسمبلیوں میں ایس آئی سی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ایوانوں میں پارلیمانی گروپ بننے کیلئے اقدام کیا تاکہ وہ ایوان میں موجود گروپ کیلئے سہولتوں کے حقدار بن سکیں اور مخصوص نشستوں حاصل کر سکیں۔