نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے بجٹ کی سفارش

26 فروری ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی)16ویں قومی اسمبلی کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں۔ نو منتخب ارکان اسمبلی کی تنخوا ہوں اور مراعات کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے مالیاتی بجٹ کی سفارشات تیار کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ارکان اسمبلی کو مراعات کے مد میں 25بزنس کلاس ایئر ٹکٹ، 3لاکھ مالیت کے ٹریولنگ واچر، بمع فیملی بلیو پاسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں پر سالانہ 41کروڑ 11لاکھ ، دیگر الاؤنسز کیلئے 13کروڑ ریگولر الاؤنس کیلئے 9کروڑ60لاکھ، دیگر الاؤنسز کیلئے 3 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے جبکہ ارکان کے ٹریولنگ اور ٹرانسپورٹیشن کیلئے89کروڑ 5لاکھ روپے مختص کیے گئے۔دوسری جانب نومنتخب ارکان اسمبلی کو 1لاکھ50ہز ارماہانہ بنیادی تنخواہ38ہزار اضافی الاؤنسز کی مد میں ملے گا۔ ارکان اسمبلی کو ٹیلی فون کی مد میں 10ہزار، آفس الاؤنس میں 8ہزار ملیں گے۔ جبکہ ایڈہاک ریلیف کی مد میں 15ہزار، اضافی الاؤنس کی مد میں5ہزار ملیں گے،اراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت کی صورت میں ڈیلی اور کنوینس الاؤنس حاصل کرنے کے مجاز ہونگے۔