وزیراعلی کا انتخاب ، آج غیرپارلیمانی حرکت نہیں کرنے دینگے،عظمی بخاری پوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، کوئی تضحیک کی کوشش کرے گا تو یہ ناقابل قبول ہوگا

26 فروری ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا آج پیر کے روز انتخاب ہوگا، اس موقع پر کوئی بدمزگی، غیرپارلیمانی حرکت نہیں کرنےکرنے دینگے ، ہم اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، کوئی تضحیک کی کوشش کرے گا تو یہ ناقابل قبول ہوگا،قیدی نمبر 804کی بات ہو تو کسی سے انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، نو مئی کے کیسز کا جواب کورٹ میں دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں مریم نواز کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں اقلیت کو اکثریت پر فوقیت دی گئی ،2018میں مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت تھی مگر پھر بھی ہماری حکومت نہیں بننے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھاری اکثریت سے آج وزیر اعلی پنجاب بن جائیں گی، اسحاق ڈار ارکان اسمبلی کی دعوت پر معاونت کے لئے پنجاب اسمبلی آئے، تمام ایم پی ایز وزیر اعلی کے لئے ووٹ اوپن دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حافظ فرحت عباس نے بیہودہ زبان استعمال کی، احتیاط کریں ہائوس بنی گالہ نہیں ہے، پنجاب اسمبلی کے اندر اگر حدود میں رہیں گے تو اچھا ہوگا، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ، اگر خاتون وزیر اعلی کی توہین کی گئی تو ناقابل برداشت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلم اقبال کو بل سے باہر نکلنا ہے یا ٹک ٹاک پر بیٹھ کر جیمز بانڈ بننا ہے۔