سیاسی قیدی اچھے نہیں لگتے، کسی سے بدلہ نہیں لینا چاہتے، ایاز صادق

26 فروری ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی قیدی اچھے نہیں لگتے،کسی سے بدلہ نہیں لینا چاہتے۔ شہباز شریف اگلے وزیراعظم ہوں گے، سعد رفیق آئندہ حکومت میں اہم کردار ادا کریں گے، پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کو سپورٹ کریگی۔ ایک طرف کارکردگی، دوسری جانب الزام تراشی کی سیاست ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ملک کے مفاد کے لیے سب کو ایک ہونا ہوگا، عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقہ بھٹہ چوک میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے دلوں میں نرمی پیدا کریں،ہم پاکستان کی خاطر دلوں کو جوڑنا چاہتے ہیں، میں اور سعد رفیق مل کر ہر جماعت کے قائد کے پاس جا کر گرینڈ ڈائیلاگ کی دعوت دیں گے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر کے سامنے التجا کریں گے کہ آپ سب کو اکٹھا بٹھائیں۔اس موقع پر سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایم ایف کو خط لکھنا قومی جرم ہے،میرا خیال تھا کہ جیل انسان کے اندر مثبت تبدیلی لاتی ہے مگر میرا خیال غلط ثابت ہوا۔بانی پی ٹی آئی کا اقدام ملک کو نقصان پہنچائے گا۔