پی ایس ایل ،زلمی 8 رنز سے فاتح، قلندرز مسلسل پانچویں میچ میں ناکام

26 فروری ، 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 9 کے بارہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے ہرادیا۔واضح رہے کہ یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں ناکامی ہے اور وہ اب تک جیت کا مزہ چکھنے سے محروم ہے۔ پی ایس ایل کے ایک اور میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے ہدف 212 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز 6 وکٹوں پر 203 رنز بناسکی اور یوں اسے 8 رنز سے شکست کھانا پڑی۔لاہور قلندرز کے رسی وینڈر ڈوسن نے پی ایس ایل 9 کی پہلی سنچری جڑ دی۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے وینڈر ڈوسن نے 50 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا۔ ڈوسن کی اننگز میں 6 چھکے اور 7 چوکوں شامل تھے۔ڈوسن 104 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابلِ شکست رہے.قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔زلمی کے اوپنر صائم ایوب نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 15ویں اوور میں 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ رومین پاول نے 20 گیندوں پر 46 رنز کی تباہ کن اننگز کھیلی۔آصف علی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ محمد حارث 12 اور پال والٹر 2 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، لاہور قلندرز کے وینڈر ڈوسن نے 104 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے نوین الحق نے 4 اوورز میں 50 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیوک ووڈ، سلمان ارشاد اور پال والٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فاتح ٹیم پشاور زلمی کے بیٹر صائم ایوب کو عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ بھی دیا گیا۔ دریں اثناپی ایس ایل کے ایک اور میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔ملتان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے گیارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس 72 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان نے 51 رنز اسکو رکیے۔181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی، خواجہ نافع 36 اور کپتان رائیلی روسو 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔