ہسپانوی فٹ بالر پیلی ٹریو کا قبول اسلام ، متعدد فٹبال اسٹارز مسلمان ہوچکے

26 فروری ، 2024

کراچی (رفیق مانگٹ) ہسپانوی فٹ بالر پیلی ٹریو نے اسلام قبول کرلیا ہے، دنیا بھر کے متعدد فٹ بال اسٹارز دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے، جرمن ڈیفینڈررابرٹ باؤر، ہالینڈ اسٹا ر کلیرنس سیڈورف ، بارسلونا کلب اسٹار ایرک ابیڈل بھی مسلمان ہوچکے، گھانا کے اسٹار تھامس پارٹی، فرانسیسی فٹ بالر فرینک ریبیری، مالی کے فریڈ ریڈ کانوٹ، مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار پال پوگبا بھی اسلام قبول کرچکے، فرانسیسی نکولس انیلکا،ٹوگو کے سابق کپتان ایمانوئل ایڈیبائر نے بھی اسلام قبول کیا، جرمن فٹبالرڈینی بلم ،نائیجیریاکے ڈیفنڈر ایمیکا ایزیوگو اور انگلینڈ کے ناتھا ایلنگٹن بھی اس فہرست میں شامل ہیں، کوئی مسلم دوست کی تبلیغ،کوئی اہلیہ کے ہاتھوں اور کوئی گرل فرینڈ کی وجہ سے مسلمان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں متعدد فٹ بالر دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ،حال ہی میں ہسپانوی فٹ بال اسٹار جوز ایگناسیو پیلیٹریو نے اسلام قبول کیا ہے۔ ماضی میں دنیا بھر سے فٹ بال سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹار اسلام قبول کرچکے ان میں جرمن ڈیفینڈررابرٹ باؤر، ہالینڈ اسٹا ر کلیرنس سیڈورف ، بارسلونا کلب اسٹار ایرک ابیڈل ،گھانا اسٹار تھامس پارٹی،فرانسیسی فٹ بالر فرینک ریبیری،مالی کے فریڈریڈ کانوٹ،مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار پال پوگبا، فرانسیسی نکولس انیلکا،ٹوگو کے سابق کپتان ایمانوئل ایڈیبائر ،جرمن فٹبالرڈینی بلم ،نائجیریا کےڈیفنڈر ایمیکاایزیوگو اور انگلینڈ کے ناتھا ایلنگٹن شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹ بال کلب آئبر، برطانوی فٹ بال کلب برینٹ فورڈ اوراور برمنگھم سٹی کے لیے کھیلنے والے پیلیٹریو نے ویڈیو میں اعلان کیا کہ وہ مسلمان ہو گئے ہیں۔ ترک خبررساں ادارے نے ہسپانوی میڈیا آؤٹ لیٹ مارکا کے حوالے سے لکھا کہ 32 سالہ پیلیٹریواپنے گیارہ سال سےدوست سابق کویتی فٹ بالر فیصل بوریسلی سے اسلام کے متعلق سیکھنے کے بعد مسلمان ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلمان ہونے پربہت خوش اور طاقتور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے دائرے میں شامل ہوناان کی زندگی کا بہترین لمحہ تھا، اور اس کے لیے وہ بوریسلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پیلیٹریو نے کہا کہ جب اس نے بوریسلی کے گھر رات کا کھانا کھایا تو اس کی والدہ نے پیلیٹریو کو ایک کیک پیش کیا جس پراسلام میں خوش آمدید لکھا ہوا تھا۔شمال مغربی اسپین میں پیدا ہو نے والے پیلیٹریو نے 2021 میں فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ستمبر 2023میں سعودی عرب کے الطائی فٹبال کلب کے جرمن ڈیفینڈر، رابرٹ باؤر نے اسلام قبول کیا۔جرمن فٹبالر نے بتایا کہ میں جرمنی میں مقیم قازقستانی مسیحی والدین کے ہاں پیدا ہوا تھا جو 1994ء میں جرمنی منتقل ہوئے تھے۔مارچ 2022میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کیا، انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام کی آگہی انہیں ایرانی نژاد اہلیہ صوفیہ نے دی ۔ چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں 3 مختلف کلبز کے ساتھ ٹرافی جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر کلیرنس سیڈورف نے اسلام قبول کرنے کا اعلان انسٹاگرام کی پوسٹ کے ذریعے کیا۔ فرانسیسی فٹ بالر اور بارسلونا کلب اسٹار ایرک ابیڈل نے 2007 میں اسلام قبول کیا۔2011 میں اسے جگر کے کینسر کی تشخیص ہوئی ،انہوں نے کہا کہ اسلام نے مشکل وقت سے گزرنے میں ان کی مدد کی۔ گھانا کے فٹ بالر،آرسنل اسٹار، تھامس پارٹی نے2022میں اسلام قبول کیا انہوں نے انکشاف کیا کہ اس نے مراکش سے تعلق رکھنے والی گرل فرینڈ سارہ بیلا کی وجہ سے اسلام قبول کیا۔فرانسیسی فٹ بالر فرینک ریبیری نے2002میں اسلام قبول کیا۔ ان کا یورپ میں ایک ممتاز کیریئر تھا، 2013میں گارڈین کی درجہ بندی کی فہرست کے مطابق وہ دنیا کے چوتھے بہترین کھلاڑی تھے۔ انہوں نے2013 میں UEFA مینز پلیئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔ ریبیری نے 2002 میں اپنی الجزائری بیوی وہیبہ بیلہامی سے شادی کے بعد اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔مالی کے سابق بین الاقوامی فریڈریڈ کانوٹ نے 1999 میں فرانس میں کھیلتے ہوئے اسلام قبول کیا۔ 2020 میں، اس نے سیویل میں 700 سالوں میں پہلی مسجد بنانے کے لیے دس لاکھ ڈالر سے زیادہ فنڈز اکٹھے کیے ہیں۔فرانسیسی فٹ بالرمانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹار پال پوگبا نے اسلام قبول کیا۔2017میں انہوں نے حج کیا۔ فرانسیسی فٹ بالر نکولس انیلکا نے سولہ سال کی عمرمیں اسلام قبول کیا۔ اور اپنانام عبدالسلیم بلال رکھا۔ٹوگو کے سابق کپتان اور ترک کلب کےلئے کھیلنے والےایمانوئل ایڈیبائر نے بھی اسلام قبول کیا۔جرمن فٹبالرڈینی بلم نے جنوری 2015ء میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ نائیجیریا کے ایک سابق فٹ بال ڈیفنڈر اور مڈفیلڈر ایمیکاایزیوگو نے 1994 کا ورلڈ کپ کھیلا تھا، فروری 2012 میں اسلام قبول کیا۔ انگلینڈ کے ناتھا ایلنگٹن سابق پریمیئر لیگ اسٹرائیکرہیں،و ہ بوسنیائی بیوی الما سے شادی کرنے کے بعد 2005 میں مسلمان ہوئے۔ 2011 میں انہوں نے مسلم فٹبالرز کی ایسوسی ایشن بنائی۔