13 ماہ میں درجنوں عوامی منصوبے مکمل کر دیئے: وزیراعلیٰ نقوی حکومتی کارکردگی بارے کتاب گورنر کو پیش

26 فروری ، 2024

لاہور (نیوزرپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ بادشاہی مسجد اورمزار اقبالؒ کا دورہ کیا ، مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبالؒ کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ اور شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بنائے گئے لاہور فورٹ کیفے کا افتتاح کیا، تبرکات مقدسہ کے لئے بنائے جانے والے نئے میوزیم کے معیار کو سراہا ، نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ، مزار اقبالؒ کی تعمیر وبحالی اور اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، مزار اقبالؒ پر حاضری دی اوردعا کی ،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات میں وزیر اعلی نے گورنر کو نگران سیٹ اپ کی 13 ماہ کی کارگردگی کے بارے گورنر کو کتاب پیش کی۔گورنر نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر محسن نقوی اور کابینہ کی کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ آپ کی لیڈرشپ میں نگران حکومت نے عوامی خدمت، شفافیت اور گورننس کی اچھی مثال قائم کی ، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے سروسز ہسپتال میں نئی لیب و کولیکشن سنٹرکا افتتاح کیا، شعبہ صحت کے 42 ویں پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کیک بھی کاٹا ،وزیراعلیٰ نے شاہی قلعہ میں کھڑک سنگھ حویلی اوراکبری محل کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ کاباقاعدہ آغاز بھی کر دیا ،حویلی اور محل کے مختلف حصے دیکھے اورگہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔والڈ سٹی اتھارٹی کے سربراہ کامران لاشاری اوردیگر ماہرین نے بریفنگ دی۔