خیبر پختونخو ا سمبلی اجلا س بد ھ کوطلب ، علی امین گنڈ ا پورآزاد حیثیت سےوزارت اعلی کا لڑیں گے ، اپو زیشن کا اپنےامیدوارلا نے کا فیصلہ

26 فروری ، 2024

پشاور(گلزار محمد خان) خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی بجائے آزاد حیثیت سے وزارت اعلیٰ کا انتخاب لڑنیکا فیصلہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کی صوبائی صدارت کیلئے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں البتہ تحریک انصاف کے نامزد عاقب اللہ خان سپیکر صوبائی اسمبلی کے عہدہ کیلئے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ہوں گےجبکہ اپوزیشن جماعتوں نے صوبہ کے وزیر اعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے دوران میدان کھلا چھوڑنے کی بجائے تینوں عہدوں پر مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے جن کے ناموں کا اعلان اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کیا جائیگا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے نگران وزیر اعلیٰ کی سفارش پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بدھ28فروری صبح11بجے طلب کیا ہے جس میں نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی حلف اٹھائیں گے، اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیساتھ قائد ایوان کا انتخاب کیا جائیگا، خیبر پختونخوااسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد ارکان نے مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی ہے تاہم ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے نامزد ووزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے بلکہ وہ صوبہ کی وزارت اعلیٰ کے انتخابی دنگل میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیں گے کیونکہ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے3مارچ کے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی صدارت کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری کی نشست کیلئے علی اصغر نے کاغذات جمع کرائے ہیں ، دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر تینوں عہدوں پر میدان کھلا چھوڑنے کی بجائے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی ثوبیہ شاہد نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں مل کر وزیراعلیٰ کا متفقہ امیدوار لائیں گی اسی طر ح سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدواران بھی کھڑے کئے جائیں گے ،وزیراعلیٰ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے ناموں کا اعلان اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کیا جائیگا، جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے کہا ہے کہ اس ضمن میں مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی نے ان کی جماعت کیساتھ تاحال کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا ہے ،27فروری کو جمعیت کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے حوالےسے لائحہ عمل طے کیا جائیگا، دوسری جانب نامزد وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے کابینہ ارکان کے انتخاب کیلئے مشاورت تیز کرتے ہوئے متعدد ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم حتمی اعلان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی منظوری کے بعد کیا جائیگا، اسی طرح ڈپٹی سپیکر کیلئے بھی مختلف ناموں زیر غور ہیں اور حتمی امیدوار کا اعلان آج متوقع ہے، ذرائع کے مطابق 28فروری کو صوبائی اسمبلی اجلاس کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے اندر اور باہر بھر پور احتجاج کا بھی اصولی فیصلہ کیا ہے جس کیلئے مشاورت جاری ہے۔