4جماعتی اتحاد کا28 فروری کو بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

26 فروری ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) چار جماعتی اتحاد نے 17روزسے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے جاری دھرنا ختم کر کے28 فروری کو بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن میں دھاندلی اور انتخابی نتائج کی تبدیلی کے خلاف چار جماعتی اتحاد نے ڈپٹی کمشنرآفس کوئٹہ کے سامنے جاری دھرنا ختم کردیا جس کے بعدڈی سی آفس کے سامنے انسکمب روڈ پرٹریفک بحال ہو گئی ،بی این پی،پی کے میپ،نیشنل پارٹی اورایچ ڈی پی کادھرنا17روزسے جاری تھا،چار جماعتی اتحاد نے دھرنا حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف دیاہواتھا۔اتوار کو دھرنے سے خطاب کر تے پشتونخوامیپ کے عبدلقہار ودان ، نیشنل پارٹی کے حاجی عطا ءمحمد بنگلزئی ،بی این پی کے غلام نبی مری اور ایچ ڈی پی کے قادر علی نائل ،کبیر افغان اور ریاض نے کہا کہ کوئٹہ میں 17روزدھرنا دےکراحتجاج ریکارڈکروایا لیکن کسی نے بات نہیں سنی، کوئٹہ میں دھرنا ختم کرکے صوبے میں احتجاج کووسعت دیں گے، بلوچستان بھر میں ریلیاں،دھرنےاوراحتجاجی جلسے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چار جماعتی اتحاد کے قائدین نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ دھرنا ختم کیا جائے اب پورے بلوچستان میں ڈی آر اواور آر او کے دفاتر کے باہر ہفتہ میں ایک دن دھرنا اور احتجاج کیا جائے گا،احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے،انہوں نے کہاکہ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیاتو 28فروری کو بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا اور احتجاج کرینگے اور اپنے آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کریں گے۔