آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ ہماری تاریخ کا اہم واقعہ، پاک فوج

28 فروری ، 2024

راولپنڈی (این این آئی) آئی ایس پی آر نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے5سال مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ27فروری 2019 ہماری تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے، اس دن پاکستان کے عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا، ملکی خودمختاری، سالمیت کیخلاف کسی بھی جارحیت کا ہر بار پوری طاقت کیساتھ جواب دیا جا ئیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن کے واقعات نے پاکستان کی مسلح افواج کی مکمل آپریشنل صلاحیتوں کو ظاہر کیا۔ سٹریٹجک دور اندیشی سے امن کی خاطر طیارے کے پائلٹ کی گرفتاری اور مخالف قوت پر غلبہ حاصل کیا گیا جس کو آج بھی عالمی برادری کی طرف سے سیاسی پختگی اور اعلی ریاست سازی کی بہترین علامت کے طور پر سراہا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امن کیلئے پرعزم ریاست کے طور پر پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیتا رہے گا۔