مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں،صدرنے اسمبلی اجلاس نہ بلاکر اچھاکیا،عمران خان

28 فروری ، 2024

کراچی (جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں،صدرمملکت نے قومی اسمبلی کااجلاس نہ بلاکر اچھاکیا، ظلم سے پارٹی ختم ہونےکے بجائے مزید مضبوط بن گئی، شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا،عوامی مینڈیٹ کی چوری سب سے بڑی چوری ہے،آئی ایم ایف کے لیے خط ڈکٹیٹ کرادیا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس نہ بلا کردرست کیا، ہماری پارٹی جیت گئی، مخصوص نشستیں نہیں دی جارہی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ظلم سے پارٹی ختم ہونےکے بجائے مضبوط جماعت بن گئی، شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا، ہفتہ کو دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی،جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط ڈکٹیٹ کروایا،عمران خان نے کہا کہ مشاورت کے بعد آج عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کو خط بھیج دیا جائے گا، خط میں لکھیں گے سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ 20نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ضرور بنتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے مخالفین نے فیٹیف کی قانون سازی کی مخالفت کی تھی۔