انتہا پسندی خاتمہ ضروری،امن کی تلاش اجتماعی ذمہ داری ہے، وزیراطلاعات

28 فروری ، 2024

اسلام آباد (این این آئی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے انتہا پسندی کے خاتمہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی تلاش اجتماعی ذمہ داری ہے، حکومتی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور تحقیقی اداروں کے تعاون سے پاکستان میں وسیع تر امن کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ منگل کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ امن کی جستجو ہماری اجتماعی ذمہ داری بن چکی ہے، ہم مختلف اداروں کی اجتماعی کوششوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو ملک میں امن کی بنیاد کو مضبوط کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ حکومت پاکستان، بین الاقوامی ادارے اور مقامی تنظیمیں ہر ایک امن، رواداری اور ہم آہنگی کے لئے اپنا منفرد حصہ ڈال رہا ہے۔