اسرائیل رمضان میں غزہ پر حملے روکنے کے لیے تیار ہے ، امریکی صدر

28 فروری ، 2024

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل ماہ رمضان کے دوران غزہ پر حملے روکنے کے لیے تیار ہے اور اگلے ہفتے جنگ بندی کا آغاز ہو سکتا ہے۔امریکی صدر نے یہ بات ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہی۔انہوں نے بتایا کہ ʼمیرے قومی سلامتی کے مشیر نے مجھے بتایا ہے کہ ہم جنگ بندی کے قریب ہیں، ابھی یہ معاملہ طے نہیں پایا مگر مجھے توقع ہے کہ 4 مارچ تک جنگ بندی ہو جائے گی۔امریکی صدر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ثالث ممالک کی جانب سے غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کے لیے امن معاہدے پر کام کیا جا رہا ہے۔جو بائیڈن نے کہا کہ ʼرمضان شروع ہونے والا ہے اور ایک ایسا معاہدہ موجود ہے جس کے تحت اسرائیل کی جانب سے رمضان کے دوران جنگی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی، جس کے دوران یرغمالیوں کی رہائی کا وقت بھی مل جائے گا۔